Achird
Use these settings →2026-04-08
دینے کا منصوبہ بھی بنا لیا تھا ۔ ذوکوئی کو ناجی نے صلاح الدین ایوبی کو اپنے دام میں پھاننے کے لیے تیار کیا تھا لیکن وہ محسوس نہ کر سکا کہ مراکش کی رہنے والی یہ لڑکی اس کے اپنے اعصاب پر سوار ہو گئی ہے ۔ وہ صرف شکل وصورت کی ہی دلکش نہیں تھی، اس کی باتوں میں ایسا جادو تھا کہ ناجی اسے پاس بٹھا کر اس کے ساتھ باتیں ہی کرتا رہتا تھا ۔ اُس نے اُن دو ناچنے گانے والی لڑکیوں سے نگاہیں پھیر لی تھیں جو اس کی منظور نظر تھیں ۔ تین چار راتوں سے اُس نے ان لڑکیوں کو اپنے کمرے میں نہیں بلایا تھا۔ ناجی سونے کے انڈے دینے والی مرغی تھی جو اُن کے قبضے سے نکل کر ذوکوئی کی آغوش میں انڈے دینے لگی تھی ۔ انہوں نے ذوکوئی کو راستے سے ہٹانے کی ترکیبیں سوچنی شروع کر دیں ۔ وہ آخر اس نتیجے پر پہنچیں کہ اُسے قتل کرا دیا جائے مگر اسے قتل کرانا ممکن نظر نہیں آتا تھا، کیونکہ ناجی نے اُسے جو کمرہ دے رکھا تھا اُس پر دو محافظوں کا پہرہ رہتا تھا ۔ اس کے علاوہ یہ دونوں لڑکیاں اس مکان سے بلا اجازت باہر نہیں جا سکتی تھیں جو ناجی نے انہیں دے رکھا تھا ۔ انہوں نے حرم کی خادمہ عورتوں میں سے ایک کو اعتماد میں لیا اور اس کے ہاتھوں ذکوٹی کو زہر دینا چاہتی تھیں۔ علی بن سفیان نے صلاح الدین ایوبی کا محافظ دستہ بدل دیا ۔ یہ سب امیر مصر (وائسرائے) کے پرانے باڈی گارڈ تھے ۔ اُن کی جگہ اُس نے ان سپاہیوں میں سے باڈی گارڈز کا دستہ تیار کر دیا جو نئی بھرتی میں آئے تھے ۔ یہ جانبازوں کا منتخب دستہ تھا جو سپاہ گری میں بھی تاک تھا اور جذبے کے لحاظ سے اس کا ہر سپاہی مرد حر تھا ۔ ناجی کو یہ تبدیلی بالکل پسند نہیں تھی لیکن اس نے صلاح الدین ایوبی کے سامنے اس تبدیلی کی بے حد تعریف کی اور اس کے ساتھ ہی درخواست کی کہ صلاح الدین ایوبی اس کی دعوت قبول کرلے ۔ ایوبی نے اسے جواب دیا کہ وہ ایک آدھ دن میں اُسے بتائے گا کہ وہ کب دعوت قبول کر سکے گا ۔ اس کے جانے کے بعد صلاح الدین ایوبی نے علی بن سفیان سے مشورہ لیا کہ وہ دعوت پر کب جائے ۔ علی نے اُسے مشورہ دیا کہ اب وہ کسی بھی روز دعوت قبول کرلے ۔ اگلے ہی دن صلاح الدین ایوبی نے ناجی کو بتایا کہ وہ کسی بھی رات دعوت پر آ سکتا ہے۔ ناجی نے تین روز بعد کی دعوت دی اور بتایا کہ یہ دعوت کم اور جشن زیادہ ہوگا اور یہ شہر سے دور صحرا میں مشعلوں کی روشنی میں منایا جائے گا۔ ناچ گانے کا انتظام ہوگا۔
ID: c5f85e2a-5b9b-4535-ad1b-16eadde6c90d
Created: 2026-04-08T13:43:36.134Z