SadachbiaUse these settings →
26 اپریل سے شروع ہونے والی خود شماری سہولت سے عوام فائدہ اٹھائیں: ایڈیشنل کلکٹر ہنمکنڈہ ہنمکنڈہ سے ایک اہم خبر۔ ضلع کے ایڈیشنل کلکٹر این۔ روی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 26 اپریل سے شروع ہونے والی خود شماری یعنی سیلف اینیومریشن سہولت سے بھرپور استفادہ کریں۔ ہنمکنڈہ ضلع کلکٹریٹ میں منعقدہ میڈیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مردم شماری 2027 کے تحت 26 اپریل سے 10 مئی تک یہ خصوصی عمل جاری رہے گا۔ ایڈیشنل کلکٹر نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے پہلی مرتبہ عوام کو یہ موقع دیا ہے کہ وہ اپنے خاندان کی مکمل معلومات خود آن لائن درج کریں۔ یہ سہولت موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعہ آسانی سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ویب سائٹ se.census.gov.in پر جا کر سیلف اینیومریشن لاگ اِن کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کا انتخاب کریں، کیپچا درج کریں، پھر ویریفائی اینڈ پروسیڈ پر کلک کریں۔ اس کے بعد خاندان کے سربراہ کا نام، موبائل نمبر اور او ٹی پی کے ذریعہ لاگ اِن مکمل کیا جا سکتا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ شہریوں کو ضلع، گاؤں، پن کوڈ اور رہائش گاہ کی معلومات درج کرنی ہوں گی، جبکہ گوگل میپ کے ذریعہ مکان کی نشاندہی بھی ضروری ہوگی۔ خاندان سے متعلق تقریباً 33 سوالات کے جوابات درج کیے جائیں گے۔ تمام معلومات جمع کرانے کے بعد 11 ہندسوں پر مشتمل ایک خصوصی آئی ڈی نمبر جاری ہوگا، جسے محفوظ رکھنا ہوگا۔ بعد ازاں شمار کنندہ گھر پہنچنے پر اسی آئی ڈی کی بنیاد پر تفصیلات کی توثیق کرے گا۔ ایڈیشنل کلکٹر این۔ روی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور خود شماری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اس اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ مزید خبروں کے لیے دیکھتے رہیے دستور نیوز ڈاٹ کام
0:00 / 0:00