بال سدنم کی طالبات اعلیٰ اہداف کے ساتھ تعلیم حاصل کریں: کلکٹر چاہت باجپائی ضلع کلکٹر چاہت باجپائی نے کہا ہے کہ بچیوں کے روشن مستقبل کے لیے تعلیم سب سے مضبوط بنیاد ہے، لہٰذا بال سدنم میں رہنے والی تمام طالبات کو چاہیے کہ وہ اعلیٰ اہداف کے ساتھ محنت کرتے ہوئے اچھی تعلیم حاصل کریں۔ بدھ کے روز کلکٹر نے ہنمکنڈہ کے سبیداری علاقے میں خواتین و اطفال بہبود محکمہ کے زیرِ اہتمام چلائے جا رہے بال سدنم (طالبات ہاسٹل) کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں مقیم طالبات سے ملاقات کر کے ان کی تعلیم، رہائش اور خوراک سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ کلکٹر نے طالبات کی تعداد، زیرِ تعلیم کورسز، کچن کے انتظامات اور کھانے کے معیار کا جائزہ لیا اور خود بھی خوراک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ طالبات کی بہتر دیکھ بھال، معیاری تعلیم اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے دتک (گود لینے) کے عمل میں شفافیت اور تیزی لانے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ طالبات کو خوداعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس دوران دو طالبات کے جنرل نرسنگ کورس میں داخلے کی تیاری پر کلکٹر نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ دورے کے دوران لکشمی پرسنہ نامی طالبہ کی سالگرہ کے موقع پر کلکٹر نے اسے مبارکباد دی اور دعاؤں سے نوازا، جس سے طالبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ایم۔ کلیانی، ضلع اطفال تحفظ شعبہ کے انچارج ایس۔ پروین کمار، پروٹیکشن آفیسر ایم۔ مونیکا اور دیگر عملہ موجود تھا۔ مزید خبروں کے لیے دیکھتے رہیے دستور نیوز ڈاٹ کام
0:00 / 0:00