ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قلات ڈاکٹر انجم ضیاء بلوچ نے ضلع قلات میں جاری چار روزہ پولیو مہم کے دوران قلات، خالق آباد منگوچر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ چار روزہ مہم کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے فیلڈ میں موجود ٹیموں کے کام کو سراہا اور ان کی محنت کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے ان علاقوں کا بھی خصوصی دورہ کیا جہاں بعض ٹیموں کی جانب سے غفلت دیکھنے میں آئی، جس پر متعلقہ عملے کو سختی سے ہدایت جاری کی گئی کہ پولیو مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈاکٹر انجم ضیاء بلوچ نے انکاری بچوں کے والدین سے خود ملاقاتیں کیں، انہیں پولیو کے خطرات سے آگاہ کیا اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی اہمیت پر زور دیا، جس کے نتیجے میں متعدد انکاری بچوں کو بھی کور کر کے پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چار روزہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ٹیموں نے دن رات محنت کی اور کوشش کی گئی کہ ضلع کا کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ آخر میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قلات نے عوام الناس، والدین اور پولیو ٹیموں کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں سے پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
0:00 / 0:00