Achird
Use these settings →2026-04-10
اس کے بعد تیغ زنی اور بغیر ہتھیاروں کی لڑائی کے مظاہرے ہوئے جن میں کئی ایک سپاہی زخمی ہو گئے ۔ صلاح الدین ایوبی شجاعت اور بے خوفی کے ان مظاہروں اور مقابلوں میں جذب ہو کے رہ گیا تھا ۔ اُسے ایسی ہی بہادر فوج کی ضرورت تھی ۔ اس نے علی بن سفیان کے کان میں کہا " اگر اس فوج میں اسلامی جذبہ بھی ہو تو میں صرف اسی فوج سے صلیبیوں کو گھٹنوں بٹھا سکتا ہوں “ علی بن سفیان نے وہی مشورہ دیا جو وہ پہلے بھی دے چکا تھا۔ اس نے کہا۔ "اگر ناجی سے کمان لے لی جائے تو جذبہ بھی پیدا ہو جائے گا۔ مگر صلاح الدین ایوبی ناجی جیسے ذہین اور تجربہ کار سالار کو سبکدوش کرنے کی بجائے سدھار کر راہ حق پر لانا چاہتا تھا۔ وہ اس جشن میں اپنی آنکھوں یہی دیکھنے آیا تھا کہ یہ فوج کردار کے لحاظ سے کیسی ہے ۔ اسے ناجی کی اس درخواست سے ہی مایوسی ہوگئی تھی کہ اس کے سپاہی اور کماندار شراب پینا چاہتے ہیں اور ناچ گانا بھی ہوگا ۔ صلاح الدین ایوبی نے اس کی درخواست اسی وجہ سے منظور کی تھی کہ وہ دیکھنا چاہتا تھا کہ یہ لشکر کس حد تک عیش و عشرت میں ڈوبا ہوا ہے ۔ بہادری ، شاہسواری اور تیغ زنی وغیرہ کے مظاہروں اور مقابلوں میں تو یہ فوج عسکری اور جنگی معیار پر پوری اترتی تھی مگر کھانے کا وقت آیا تو یہ فوج بد تمیزوں ، بلا نوشوں اور ہنگامہ پرور لوگوں کا بےقابو ہجوم بن گئی ۔ کھانے کا انتظام وسیع و عریض میدان میں کیا گیا تھا۔ ایک طرف فوج کے کم و بیش دو ہزار آدمیوں کے لیے کھانا چنا گیا تھا اور اُن سے ذرا دور صلاح الدین ایوبی اور دیگر بڑے مہمانوں کے کھانے کا انتظام تھا ۔ سینکڑوں سالم دنیے اور بکرے، اونٹوں کی سالم رانہیں اور ہزاروں مرغ روسٹ کیے گئے تھے۔ دیگر لوازمات کا کوئی شمار نہ تھا اور سپاہیوں کے سامنے شراب کے چھوٹے، جھوٹے مشکیزے اور صراحیاں رکھ دی گئی تھیں ۔ ۔ سپاہی کھانے اور شراب پر ٹوٹ پڑے - غٹاغٹ غٹا شراب چڑھانے لگے اور معرکہ آرائی ہونے لگی ۔ صلاح الدین ایوبی یہ منظر دیکھ رہا تھا اور خاموش تھا۔ اس کے چہرے پر کوئی ایسا تاثر نہیں تھا جو یہ ظاہر کرتا کہ وہ کیا سوچ رہا ہے۔ اُس نے ناجی سے صرف اتنا پوچھا " پچاس ہزار فوج میں سے آپ نے یہ سپاہی دعوت کے لیے کس طرح منتخب کیے تھے ؟ کیا یہ آپ کے بدترین سپاہی ہیں ؟" "نہیں امیر مصر! “ ناجی نے غلامانہ لہجے میں جواب دیا۔ یہ دو ہزار عسکری میرے بہترین آدمی ہیں۔ آپ نے ان کے مظاہرے دیکھے ہیں
ID: ce95a16f-6854-4147-a913-a6830fbd8d5a
Created: 2026-04-10T07:07:50.660Z