Free Urdu Text to Speech

مصر کی ریت نے ایک اور قلوپطرہ کو حسین ناگن کی طرح جنم دیا تھا۔مصر کی تاریخ اپنے آپ کو دہرا

2026-04-10

مصر کی ریت نے ایک اور قلوپطرہ کو حسین ناگن کی طرح جنم دیا تھا۔مصر کی تاریخ اپنے آپ کو دہرانے والی تھی۔ سورج غروب ہو گیا تو مشعلیں جل اٹھیں ۔ صلاح الدین ایوبی گھوڑے پر سوار آ گیا ۔ اُس کے دائیں بائیں ، آگے اور پیچھے اُس کے اُن محافظوں کے گھوڑے تھے جو علی بن سفیان نے منتخب کیے تھے ۔ اسی دستے میں سے اُس نے دس محافظ شام سے پہلے ہی یہاں لاکر صلاح الدین ایوبی کے خیمے کے گرد کھڑے کر دیئے تھے۔ سازوں نے دف کی آواز پر استقبالیہ دھن بجائی اور صحرا " امیر مصر صلاح الدین ایوبی زندہ باد کے نعروں سے گونجنے لگا۔ ناجی نے آگے بڑھ کر استقبال کیا اور کہا۔ " آپ کے جان نثار، عظمت اسلام کے پاسبان آپ کو بسروچشم خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کی بے تابیاں اور بے قراریاں دیکھئے ۔ آپ کے اشارے پر کٹ مریں گے اور خوشامد کے لیے اُسے جتنے الفاظ یاد آئے اُس نے کہہ ڈالے ۔ جونہی صلاح الدین ایوبی اپنی شاہانہ نشست پر بیٹھا ، سرپٹ دوڑتے گھوڑوں کی ٹاپوں کی آوازیں سنائی دیں ۔ گھوڑے جب مشعلوں کی روشنی میں آئے تو سب نے دیکھا کہ چار گھوڑے دائیں سے اور چار بائیں سے دوڑے آرہے تھے۔ ہر ایک بیر ایک ایک سوار تھا ۔ اُن کے پاس ہتھیار نہیں تھے ۔ وہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آرہے تھے ۔ صاف ظاہر تھا کہ وہ ٹکرا جائیں گے ۔ کسی کو معلوم نہیں تھا کہ وہ کیا کریں گے ۔ وہ ایک دوسرے کے قریب آئے تو دونوں فریقوں کے سوار رکابوں میں پاؤں جما کر کھڑے ہو گئے ۔ پھر انہوں نے لگامیں ایک ایک ہاتھہ میں کر لیں اور دوسرے بازو پھیلا دیئے ۔ دونوں اطراف کے گھوڑے بالکل آمنے سامنے آگئے اور سواروں کی دونوں پارٹیاں ایک دوسری سے الجھ گئیں ۔ سواروں نے ایک دوسرے کو پکڑنے اور گھوڑے سے گرانے کی کوشش کی ۔ جب گھوڑے آگے نکل گئے تو دو سوار جو گھوڑوں سے گر پڑے تھے ریت پر قلابازیاں کھا رہے تھے ۔ ایک طرف کے ایک سوار نے دوسری طرف کے ایک سوار کو ایک بازو میں جکڑ کر اسے گھوڑے سے اُٹھا لیا تھا اور اسے اپنے گھوڑے پر ڈال کرلے جا رہا تھا۔ ہجوم نے اس قدر شور بپا کیا کہ اپنی آواز اپنے آپ کو بھی نہیں سنائی دیتی تھی۔ یہ سوار اندھیرے میں غائب ہوئے تو دونوں طرف سے چار چار اور گھوڑے آئے اور اسی طرح مقابلہ ہوا ۔ اس طرح آٹھ مقابلے ہوئے اور اس کے بعد شتر سوار آئے ۔ پھر گھوڑا سواروں اور شتر سواروں نے سواری کے متعدد کرتب دکھائے

ID: c34f3cd7-c2e1-4e6e-882a-e7503dcabbaa

Created: 2026-04-10T07:02:09.712Z

More Shares

← Return to Studio