Achird
Use these settings →2026-04-10
ہر ایک کی شکل وصورت ایک دوسری سے مختلف تھی لیکن حسن اور جسم کی لچک میں سب ایک جیسی تھیں ۔ اُن کے مرمریں بازو عریاں تھے ۔ وہ چلتی آرہی تھیں لیکن قدم اٹھتے نظر نہیں آتے تھے ۔ وہ ہوا کی لہروں کی مانند آرہی تھیں ۔ وہ نیم دائرے میں ہو کر رک گئیں ۔ صلاح الدین ایوبی کی طرف منہ کر کے تعظیم کے لیے جھکیں ۔ سب کے بال سرک کر شانوں پر آگئے ۔ سازندوں نے ان ریشمی بالوں اور جسموں کے جادو میں طلسم پیدا کر دیا ۔ دو سیاہ فام ، دیو ہیکل حبشی جن کی کمر کے گرد چیتوں کی کھالیں تھیں، ایک بڑا سارا ٹوکرا اٹھائے تیز تیز قدم چلتے نظر آئے اور ٹوکرا لڑکیوں کے نیم دائرے کے سامنے رکھ دیا۔ ساز سپیروں کی بین کی دھن بجانے لگے ۔ حبشی مست سانڈوں کی طرح پھنکارتے غائب ہو گئے۔ ٹوکرے میں سے ایک بہت بڑی کلی اوپر کو اٹھی اور پھول کی طرح کھل گئی۔ اس پھول میں سے ایک لڑکی کا چہرہ نمودار ہوا اور پھر وہ اوپر کو اٹھنے لگی ۔ یوں لگتا تھا جیسے سرخ بادلوں میں سے چاند نکل رہا ہو ۔ یہ لڑکی اس دنیا کی معلوم نہیں ہوتی تھی ۔ اس کی مسکراہٹ بھی ارمنی نہیں تھی ۔ اس کے بالوں کی چمک بھی مصر کی کسی لڑکی کی چمک نہیں لگتی تھی اور جب لڑکی نے پھول کی چوڑی پتیوں میں سے باہر قدم رکھا تو اس کے جسم کی لچک نے تماشائیوں کو مسحور کرلیا۔ علی بن سفیان نے صلاح الدین ایوبی کی طرف دیکھا ۔ اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ تھی۔ صلاح الدین ایوبی نے مسکرا کر اس کے کان میں کہا " مجھے توقع نہیں تھی کہ یہ اتنی خوبصورت ہوگی " ناجی نے صلاح الدین ایوبی کے پاس آکر کہا " امیر مصر کا اقبال بلند ہو۔ اس لڑکی کا نام ذوکوئی ہے ۔ اسے میں نے آپ کی خاطر سکندریہ سے بلایا ہے یہ پیشہ ور رقاصہ نہیں اور یہ عصمت فروش بھی نہیں۔ رقص سے اسے پیار ہے ۔ شوقیہ ناچتی ہے۔ کسی محفل میں نہیں جاتی ۔ میں اس کے باپ کو جانتا ہوں۔ ساحل پر مچھلیوں کا کاروبار کرتا ہے ۔ یہ لڑکی آپ کی عقیدت مند ہے ۔ آپ کو پیغمبر مانتی ہے۔ میں اتفاق سے اس کے گھر اس کے باپ سے ملنے گیا تو اس لڑکی نے استدعا کی کہ سنا ہے صلاح الدین ایوبی امیر مصر بن کے آئے ہیں۔ خدا کے نام پر مجھے ان سے ملوا دو۔ میرے پاس اپنی جان اور رقص کے سوا کچھ بھی نہیں جو میں اس عظیم ہستی کے قدموں میں پیش کروں .... قابل صد احترام امیر ! میں نے آپ کے رقص و سرود کی اجازت اسی لیے مانگی تھی کہ اس لڑکی کو میں آپ کے حضور پیش کرنا چاہتا تھا
ID: 4a54028c-d3a4-4f68-a70c-8abfabbe9b84
Created: 2026-04-10T07:17:31.240Z