Aoede
Use these settings →2026-04-09
قلات: ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قلات کا پرنس عبدالکریم خان 50 بستروں والے ہسپتال کا تفصیلی دورہ رپورٹ نائب اسرار مینگل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قلات ڈاکٹر انجم ضیاء نے ینگ کنسلٹنٹس ڈاکٹر احمد عباس اور ڈاکٹر شاہجہان مینگل کے ہمراہ پرنس عبدالکریم خان پچاس بستروں والے ہسپتال قلات کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال میں جدید طبی سہولیات اور موجودہ انفراسٹرکچر کے مؤثر استعمال کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنرل آپریشن تھیٹر کو جلد فعال بنا کر ابتدائی طور پر اپینڈکس، ہرنیا اور دیگر معمولی آپریشنز کا آغاز کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق ہسپتال میں گائناکالوجی، لیبر روم، ریڈیالوجی اور ڈینٹل سمیت دیگر شعبہ جات کو مزید فعال بنایا جائے گا جبکہ خالی آسامیوں پر کنسلٹنٹس اور طبی عملے کی تعیناتی کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں جلد فری میڈیکل اور سرجیکل کیمپس کے انعقاد کے ساتھ ساتھ آنکھوں کے علاج کے لیے LRBT سب سیکشن یونٹ کے قیام کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر انجم ضیاء کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور مقامی معززین کے تعاون سے قلات میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
ID: 7f24fe71-0140-4ab5-98c3-6bbe9f247e38
Created: 2026-04-09T05:43:25.875Z